255

خیبر پختونخوا میں تمام پلوں کا سروے کرنیکا حکم

پشاور۔خیبر پختونخوا حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ اور حادثات کی روک تھام کے پیش نظر صوبے بھر میں پلوں اور ندی نالوں پر قائم گذرگاہوں کا ہنگامی بنیادوں پر سروے کرانے کا حکم دید یا ہے ٗ صوبائی اصلاحاتی یونٹ نے محکمہ تعمیرات و مواصلات اور آبپاشی کے سکرٹریوں کو ایک اہم مراسلے میں آگاہ کیا ہے کہ حال ہی میں ضلع ہری پور میں چپڑ پل گرنے سے دو قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں 

اور اب ان دونوں محکموں کو مزید حادثات کی روک تھام کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پلوں اور ندی نالوں پر قائم عارضی پلوں کا فوری طور پر سروے کرانے کا حکم دیا ہے تاکہ اُن میں موجود تعمیراتی خامیوں کی بروقت درستگی کی جائے ٗ محکمہ تعمیرات و مواصلات اور آبپاشی کو سروے کیلئے 21دن کی مہلت دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل چارسدہ سردریاب کے قریب بھی پل گرنے سے ایک ٹرک ڈرائیور پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا تھا ۔