74

عام انتخابات عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔رواں سال 2018ء کے عام انتخابات بھی عدلیہ کی زیر نگرانی ہوں گے،عام انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران(ڈی آر اوز)اور ریٹرننگ افسران(آر اوز) کے نام فائنل کرلیے گئے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لئے ڈی آر اوز اور آر اوز کے نام فائنل کرلئے ۔ سیشن ججز کو ڈی آر او لگانے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل سیشن ججز اور سینئر سول ججز کو ریٹرننگ افسران لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے مجوزہ حلقوں کے ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسران کے نام مشاورت کیلئے پانچوں ہائی کورٹس کو بھجوا دیئے ہیں۔ ہائی کورٹس کو 129 مجوزہ ضلعی ریٹرننگ آفیسرز اور 849 مجوزہ ریٹرننگ آفیسرز کی فہرست بھجوائی گئی ہے۔ ہائی کورٹس سے مشاورت کے بعد الیکشن کمیشن 7 مئی کو ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات کردیگا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز بیورو کریسی سے لے گا۔