103

فیسوں و تنخواہوں کا معاملہ ‘نجی سکولوں کیلئے قواعد وضوابط تیار

پشاور۔خیبرپختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے صوبے بھر کے نجی سکولوں کیلئے ماہرین تعلیم، اہل دانش اور پرائیویٹ سکولز نمائندگان کی سفارشات پر مبنی قواعدوضوابط کا مسودہ تیار کیا ہے جسے حتمی منظوری کیلئے عنقریب اتھارٹی کے بورڈّ آف ممبرز میں پیش کیا جائے گا۔

ریگولیٹری اتھارٹی کے ایم ڈی سید ظفر علی شاہ کی زیر صدارت پشاور میں اتھارٹی کے قواعد و ضوابط سے متعلق کمیٹی کے دو روزہ سیشن ہوئے جن کے شرکاء میں چیئرمین فنی تعلیمی بورڈ ڈاکٹرغلام قاسم مروت، سابق ڈائریکٹرز تعلیم رفیق خٹک و غلام مصطفی، سینئر انسٹرکٹر پائٹ پشاور مسز سمیرا تاج ، ، اتھارٹی کیلئے پرائیویٹ سکولز کے منتخب نمائندے سید انس کریم، اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن ہدایت اللہ، کے ای ایس پی کے آفیسر محمد اختر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن غلام حسین غازی شامل تھے سیشن کے اختتام پر پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں پرائیویٹ سکولز کے تدریسی و انتظامی اُمور کو منظم طریقے سے چلانے اور ان سکولز کی رجسٹریشن کے لئے کم سے کم قواعد اور سفارشات پر مبنی جامع مسودہ تیار کیا گیا ۔

قواعد و ضوابط کا یہ مسودہ عنقریت باضابطہ منظوری کیلئے اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا اور ان کی تمام ممبران سے توثیق کی جائے گی ان قواعد و ضوابط (نارمز اور اسٹینڈرڈز) میں ہر نجی سکول کی عمارت، کلاس روم کے سائز ، صبح کی اسمبلی، پلے گراؤنڈ، اساتذہ و طلبہ کی تعداد کی شرح اور داخلوں کے طریقہ کار سمیت تمام تفصیلات کااحاطہ کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔