40

وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے فاٹا انضمام کی نوید سنا دی

پشاور۔وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیاہے کہ فاٹاکو2019ء میں خیبرپختونخوامیں مکمل ضم کردیاجائیگارواں سال اکتوبرفاٹامیں بلدیاتی اور اگلے سال مارچ یااپریل میں صوبائی انتخابات کاانعقاد ہوگا ،وزیراعلیٰ ہاؤ س پشاورمیں پریس کانفرنس کے دوران پرویزخٹک نے کہاکہ گزشتہ روز وزیراعظم شاہدخاقان عباسی،مشیرسرتاج عزیز،سیفران کے وزیراوردیگراعلیٰ حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں فیصلہ ہوا 2019ء تک فاٹا کو مکمل طور پرضم کردیاجائے گا ۔

رواں سال اکتوبرکے مہینے میں فاٹامیں بلدیاتی انتخابات جب کہ اگلے سال مارچ یا اپریل میں قبائلی علاقوں میں صوبائی انتخابات کے بعد وہاں کے عوامی نمائندے خیبرپختونخوااسمبلی کاحصہ بن جائینگے اور اگلے سال مئی میں باقاعدہ طور پر فاٹا کے انضمام کا نوٹیفکیشن جاری کردیاجائیگاوزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے جوفاٹاکے عوام کی کوششوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وفاق کے ساتھ بجلی کے خالص منافع کے حوالے سے تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔

1992سے منجمدچھ ارب کے بجائے اب صوبے کو19سے20ارب روپے ملیں گے جب کہ اگلے سال27ارب متوقع ہیں مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اے جی این قاضی فارمولے کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت خیبرپختونخوا کو بجلی کے خالص منافع کی مد میں سوارب روپے سے زائد ملیں گے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کیساتھ رابطے میں ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ بجٹ کیسے پاس کیاجاتاہے بجٹ کو انشاء اللہ اپوزیشن کی مشاورت کے بعد پیش کرینگے ۔

اسمبلی اجلاس کوموخرکرنے کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ مصروفیات کے باعث اجلاس کوملتوی کردیاگیاانہوں نے کہاکہ پختون تحفظ مومنٹ گورنرکے مقررکردہ جرگے سے ملے تاکہ تمام مسائل احسن طریقے سے حل ہوں اور اس وقت جوکنفیوژن بنی ہوئی ہے اس کا خاتمہ ہو وہ ایک وزیراعلیٰ اور پارٹی رہنماکی حیثیت سے پی ٹی ایم سے درخواست کررہے ہیں کہ وہ آئیں اور مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں ۔