54

پشاور میں دہشتگردی کا خطرہ ٗ سیکورٹی ہائی الرٹ

پشاور۔دہشت گرد تنظیموں کے کمانڈرز اور ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ایجنٹس نے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں، عبادت گاہوں، ائرپورٹ، عوامی مقامات، رہائشی بستیوں ، عوامی اجتماعات، سرکردہ سیاسی شخصیات اور اہم تنصیبات میں سے کسی ایک کو دہشت گردی کا ہدف بنانے کا پلان بنایا ہے جس کی روشنی میں پشاورسمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ہے جبکہ اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

ترجمان پشاور پولیس کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سی سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت پر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے دوسری جانب بتایاگیا ہے کہ دہشت گردی کے ممکنہ واقعے کو ناکام بنانے کیلئے خیبرپختونخوا پولیس نے سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی وضع کی ہے۔

ایجنسیوں کے باہمی رابطوں کے علاوہ پہلی مرتبہ عوام الناس کو ان خطرات سے نمٹنے کیلئے نہ صرف سکیورٹی اداروں سے تعاؤن کی اپیل کی گئی ہے بلکہ تمام ضلعی پولیس افسران کو ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے از سر نو سکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق حالات کی نزاکت کے پیش نظر ضلعی پولیس افسران کو اہم تنصیبات پر حفاظتی اقدامات کی مشق کے علاوہ شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کی منظم مہم چلانے کے ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔