111

خشک سالی ٗ جاپان کی پاکستان کو تعاون کی پیشکش

اسلام آباد۔جاپان نے پاکستان کو سیلابوں اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے تعاون کی پیشکش کی ہے۔ یونیسکو اور سائل اینڈ واٹر کنزرویشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پنجاب کے زیر اہتمام معاشرے کا قدرتی آفات سے بچاؤ کے لئے مجموعی کردار کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد معاشرہ بالخصوص نوجوان طبقہ کو قدرتی آفات بالخصوص سیلاب اور خشک سالی کے متعلق آگاہی دینا اور ان سے نمٹنے کے لئے تربیت فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ کے مہمان خصوصی جاپان کے سفیر ہیروشی اناماتا اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل کے چیئرمین، ڈاکٹر یوسف ظفر تھے۔

اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے بہت زیادہ جسمانی اور مالی نقصانات ہوتے ہیں۔جن سے نمٹنے سے آگاہی دینا ہو گی۔ طلباء طالبات کو بھی ایسی آفات سے نمٹنے کے لئے تیار کرنا ہو گا۔ ہمیں ایسی زمینی اور آبی اسٹرکچر بنانے پر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی جاپان کے تجربات سے استفادہ کر کے سیلابوں اور خشک سالی کے نقصانات کو کم کر سکتا ہے۔ جاپان حکومت بھی ہر طرح کی فنی ، پیشہ ورانہ اور مالی معاونت کے لئے تیار ہے۔ یونیسکو کے ریجنل ڈائریکٹر بیوروفار ایشیا ڈاکٹر شہباز خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ 2010 میں پاکستان میں آنے والے سیلاب کے بعد حکومت جاپان یونیسکو سے مل کر کام کر رہی ہے ۔

ڈاکٹر یوسف ظفر، چیئرمین، پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل نے اس موقع پر یونیسکو اور سائل اینڈ واٹر کنزرویشن کی پاکستان میں سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کے لئے کی جانی والی کوششوں کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان میں پانی کی شدید کمی واقع ہو سکتی ہے جس کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اس پر قابو پانا ہو گا۔ ڈائریکٹر سائل اینڈ واٹر کنزرویشن انسٹی ٹیوٹ ، ڈاکٹر طارق نے کہا کہ ان کا ادارہ آبی و زمینی وسائل پر تحقیق کر رہا ہے جس سے قدرتی آفات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔