70

افغان صدر اشرف غنی کا دورہ پاکستان کا امکان

پشاور۔ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل ڈاکٹر محمد معین مرستیال نے پاکستانی آرمی چیف اور وزیراعظم کے حالیہ دورہ کابل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دوروں سے خطے میں قیام امن اور دونوں برادری اسلامی ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح پر اس قسم کے رابطوں اور دوروں کا سلسلہ جاری رہنا چائیے جس سے امن کوششوں کو تقویت ملے گی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ افغان صدر ڈاکٹر اشرف غنی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت داعش سمیت تمام دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کررہی ہے ۔

انہوں نے کابل میں حالیہ خود کش بم دھماکے میں 9 صحافیوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کااظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں پاکستانی حکومت، میڈیا اور صحافتی تنظیموں نے جس یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اس کے لئے افغان حکومت اور عوام شکر گذار ہیں ۔ وہ بدھ کے روز افغان قونصلیٹ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ افغان قونصل جنرل ڈاکٹر محمد معین مرستیال نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان کو مل کرامن کے لئے کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کے قیام کی کوششوں کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ سے اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جوکہ خو ش آئند ہے۔ اور پاکستانی آرمی چیف اور وزیراعظم کا حالیہ دورہ کابل بھی امن کوششوں کے سلسلے کی کڑی ہے انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم اس سے قبل افغان وزارت خارجہ کا اعلیٰ سطح وفدآئندہ ایک یا دو ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کرے گا وفد میں شامل افغان حکام اسلام آباد میں اعلیٰ پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے بعد افغان صدر اشرف غنی کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کے کابل میں دہشت گردی کے حالیہ پے درپے واقعات پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن کوششیں آگے بڑھتی ہیں تو اس قسم کے واقعات رونما ہوتے ہیں جس کا مقصد امن کوششوں کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے ۔صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے افغان قونصل جنرل نے کہ اکہ کہا کہ کابل میں حالیہ خود کش دھماکہ کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے تسلیم کی ہے اور جولوگ بھی داعش کی حمایت کر تے ہیں یا ان کا ساتھ دیتے ہیں وہ دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کابل دھماکے میں 9 صحافیوں کی شہادت پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہ اسے ایک بڑا نقصان قرار دیا اور کہا کے صحافی غیر جانبدار ہوتے ہیں ان کا کسی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا بلکہ وہ عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور حکومت وقت تک پہنچانے میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دھماکے میں جو صحافی شہید ہوئے ہیں ان کی شہاد ت سے پیدا ہونے والا خلاء مشکل سے پرُ ہوگا ۔