142

یاد ماضی عذاب ہے یارب

ماضی کے معروف اداکارافضال احمد کافی عرصے بعد گزشتہ دنوں ایورنیو اسٹوڈیو گئے جہاں وہ ویرانی دیکھ کر آبدیدہ ہوگئے۔افضال احمد نے وہیل چئیر پر جہاں اسٹوڈیو کا دورہ کیا وہیں فلورز اور دفاتر کوبھی حسرت بھری نگاہوں سے دیکھتے رہے۔ اسٹوڈیو میں موجود کچھ لوگ افضال احمد کی آمد پر ملاقات کیلیے آئے تو بڑی گرم جوشی سے ملاقات کی اور ان کی جانب سے ماضی کے شاندار اور یادگار قصوں نے ان کے اداس چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دی۔کسی نے ان کی آوازاور تاثرات کا ذکر کیاتو کسی نے ان کی فلموں کا، کسی نے شوٹنگ کے یاد گار واقعات دلچسپ انداز سے سنائے تو کسی نے اسٹوڈیو دفاتر کی شاموں اور راتوں کا زکرکر دیا۔ افضال احمد ماضی کی سنہری یادوں میں کھوئے محسوس ہونے لگے۔ اس دوران جونہی کچھ لوگوں نے کہا کی ماضی میں جہاں اسٹوڈیو فلورز کے باہر شوٹنگ دیکھنے والوں کا ہجوم ہوتا تھا وہیں بڑے بڑے فنکار بھی ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیتے تھے۔افضال احمد نے کچھ کہنے کی کوشش کی مگر کوئی ان کی بات سمجھ نہ پایاجس پر وہ اپنی آنکھوں میں اداسی سجائے واپس چلے گئے-یاد رہے کہ افضال احمد کئی سالوں سے فالج کے باعث قوت گویائی سے محروم ہیں-