86

انٹر امتحانات میں پہلا مانیٹرنگ سسٹم متعارف

پشاور۔ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ پشاور نے انٹر میڈیٹ کے جاری امتحانات سے اپنی نوعیت کا پہلا مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرا دیا ہے جسے ایجوکیشن مانیٹرنگ اینڈ رپورٹنگ سسٹم (ای ایم آر ٹی) کہا جاتا ہے یہ سسٹم سپرنٹنڈنٹ ٗ ریذیڈنٹ انسپکٹر ٗ انسپکٹر اور مانیٹرنگ آفیسر کی نقل و حمل کی ہر لمحہ خبر تعلیمی بورڈ کو دیگا آن لائن سسٹم کے ذریعے بورڈ انتظامہ کو ہر امتحانی سنٹر کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ میسر ہوگی ۔

پشاور تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری بختیار احمد نے ’’آج ‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ ٗ ریذیڈنٹ انسپکٹر ٗ انسپکٹر اور ماینٹرنگ افسروں کو اس سسٹم تک رسائی دی گئی ہے سپرنٹنڈنٹ جب بینک سے بورڈ کے نمائندے سے سوالات پر مبنی پرچوں کا سیل بند پیکٹ وصول کرینگے تو اسی وقت 8583پر مسیج کرینگے جس سے بورڈ انتظامیہ کو مذکورہ سسٹم کے ذریعے اسی وقت اطلاع مل جائے گی کہ فلا ں نمبر کے امتحانی ہال کے سپرنٹنڈنٹ نے فلاں وقت پر بینک سے پرچے حاصل کئے ۔

اسی طرح جب سپرنٹنڈنٹ ہال پہنچے گا تو پھر مسیج کریگا جبکہ ریذیڈنٹ انسپکٹر سیل بند پیکٹ کی تصدیق کا مسیج کریگا اسی طرح انسپکٹر اور مانیٹرنگ آفیسرز بھی پل پل کی رپورٹ مسیج کے ذریعے مذکورہ سافٹ وئیر کو دیگا اس نظام سے جہاں ٹرنسپرنسی آئے گی وہاں وقت کی بھی بچت ہوگی اور بورڈ انتظامیہ کو ہر امتحانی ہال کی بروقت خبر بھی ہوگی سیکرٹری بورڈ نے مزید کہا کہ مذکورہ سسٹم اپنی نوعیت کا منفرد نظام ہے۔