91

لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے یہ 5 عادتیں اپنالیں

اپنے طرز زندگی میں 5 عادات کو اپنا کر مختلف امراض سے موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

طبی جریدے جرنل سرکولیشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ صحت بخش غذا کا استعمال، ورزش کو معمول بنانا، الکحل اور تمباکو نوشی سے گریز جبکہ صحت مند جسمانی وزن برقرار رکھنا لمبی زندگی کے حصول میں مدد دینے والے عوامل ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ان عادات کو اپنانا خواتین کی زندگی 14 سال جبکہ مردوں کی زندگی میں 12 سال کا اضافہ کرسکتی ہیں۔

اس تحقیق کے دوران 79 ہزار خواتین جبکہ 44 ہزار سے زائد مردوں کے طرز زندگی کی عادات کے بارے میں جانا گیا۔

ان رضاکاروں نے اپنی صحت اور طرز زندگی کی عادات کے بارے میں ہر 2 سال بعد سوال نامہ بھر کر دیا اور محققین نے نتیجہ نکالا کہ 5 عادتیں لمبی زندگی میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

محققین نے رضاکاروں کا جائزہ 34 سال تک لیا اور اس عرصے کے دوران 42 ہزار کا انتقال ہوگیا جن میں سے 14 ہزار کے لگ بھگ کینسر کا شکار ہوکر چل بسے جبکہ 11 ہزار کے قریب خون کی شریانوں سے جڑے امراض کا شکار ہوئے۔

تاہم جو افراد اوپر درج کی گئی عادات پر عمل کرتے تھے، ان میں اموات کی شرح دیگر کے مقابلے میں 74 فیصد تک کم رہیں۔

ایسے افراد میں امراض قلب یا فالج سے موت کا خطرہ 82 فیصد جبکہ کینسر سے 65 فیصد تک کم ہوتا ہے۔

مجموعی طور پر ان 5 عادات کو اپنا کر زندگی کی مدت میں 10 سال تک کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں چند چھوٹی مگر موثر تبدیلیاں صحت کے لیے کتنی فائدہ مند ہیں۔