39

موٹر سائیکل سوار کو کچلنے والاامریکی سفارتکار رہا

اسلام آباد ۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے ہونے والے موٹر سائیکل حادثے میں سفارتکار چیڈ ریکس آسبرن کو تھانا سیکریٹریٹ سے رہا کردیا گیا ۔اس سے قبل امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے تھے اور سفارتکار کو گاڑی سمیت تھا نہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا تھا۔ اسلام آباد کی شاہراہ دستور پر سیکریٹریٹ چوک کے قریب یہ حادثہ رات 9 بجکر40 منٹ پر پیش آیا جب امریکی سفارتکار کی جیپ جس کا نمبر کیو این 734 تھا نے موٹر سائیکل اے آر ایم 935 پر سوار دو افراد کو ٹکر مار دی تھی۔

گاڑی امریکی سفارت خانے کا سیکنڈ سیکریٹری چاڈ ریکس چلا رہا تھا جبکہ حادثے میں زخمی نوجوان نزاکت اسلم کو سر پر اور دوسرے محمد وسیم کو اندورنی چوٹ آئی، جسے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔نزاکت گڑھی دوپٹہ آزاد کشمیر کا رہائشی اور موتمر عالم اسلامی میں ملازم ہے۔ترجمان پمز اسپتال کے مطابق دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دے دی گئی جس کے بعد زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نجیب الرحمان نے بتایا کہ واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس سے بھی معاونت لے رہے ہیں اور ذمہ دار وں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ وزات خارجہ کو واقعہ سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے اور جب تک وزارت خارجہ ڈرائیور کی بطور سفارتی اہلکار تحریری تصدیق نہیں کرے گی تب تک اسے رہا نہیں کیا جائے گا تاہم بعد میں اسے رہا کر دیا گیا۔