67

نئی حلقہ بندیاں ‘78اضلاع کے اعتراضات پر کاروائی مکمل

اسلام آباد۔ الیکشن کمیشن نے مجوزہ حلقہ بندیوں پر 78اضلاع کے ایک ہزار سے زیادہ اعتراضات نمٹا دیئے جبکہ کراچی ساؤتھ،کراچی ویسٹ،اور کراچی سینٹرل سمیت 6ضلاع کے62 اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ، جبکہ مزید 25اضلاع کے104اعتراضات2 مئی تک سنے جائیں گے، ( آج) پیر کو ضلع سبی ، ڈیرہ بگٹی، زیارت اور ژوب سمیت 12اضلاع کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنے جائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں مجوزہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹائے جانے کا سلسلہ جاری ہے ، اب تک 84اضلاع کے گیارہ سو چار اعتراضات سنے جاچکے ہیں ،جن میں سے الیکشن کمیشن نے 78اضلاع کے ایک ہزار بیالیس اعتراضات نمٹا دیئے ہیں ، جبکہ کراچی ساؤتھ،کراچی ویسٹ، کراچی سینٹرل ، تھر پارکر ، خیر پور اور دادو کے62 اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کیا جا چکا ہے ، جبکہ مزید 25اضلاع کے104اعتراضات2 مئی تک سنے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ، کرک ، کو ہاٹ ، سوات ، صوابی ، نوشہرہ، بونیر، مٹیاری اور ٹھٹھہ کے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے جبکہ کچھ اضلاع کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات کو منظور بھی کیا گیا ہے، الیکشن کمیشن میں( آج) پیر کو ضلع ڈیرہ بگٹی ، ہرنائی ، جعفر آباد ، کچھی، بارکھان ، شیرانی ، صحبت پور ، لورالائی ، سبی،ژوب ،زیارت،اور لہڑی کی حلقہ بندیوں پر اعتراضات سنے جائیں گے ۔