55

کیڈٹ کالج مردان ترقی کیلئے ا ہم سنگ میل ثابت ہو گا ‘ وزیر اعلی

مردان :وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج مردان کا قیام ملک میں خواتین کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا اور یہاں سے فارغ ہونے والی بچیاں ملک وقوم کا نام روشن کریں گی ۔یہ ضلع مردان کے لیے ایک اعزاز ہے کہ ملک کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج یہاں بنا ہے اور کالج کے پرنسپل اور ان کی ٹیم کی محنت کی بدولت اس کالج نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بیرون ملک بھی بڑا نام کمایا ہے اور عالمی میڈیا پر بھی اس کے چرچے ہیں ۔وہ جامڑہ تخت بائی میں گرلز کیڈٹ کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

،تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، قومی اسمبلی کے رکن علی محمد خان ، رکن صوبائی اسمبلی افتخار علی مشوانی اور کالج کے پرنسپل بریگیڈئر (ر) جاوید سرور نے بھی خطاب کیا ۔ کالج کی طالبات کیڈٹس نے کالج کا ترانہ پیش کیا ۔اس موقع پروزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کا لج کی عمارت 240 کنال اراضی پر دوارب چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے دوسال کے اندر مکمل کی جائے گی جس میں دور جدید کی تمام تر سہولیات میسر ہوں گی ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔

ماضی میں سیاستدانوں نے سرکاری سکولوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا اور یہاں رشوت اورسفارش پر میٹرک پاس نالائق افراد کو بھرتی کیا گیا جبکہ ہماری حکومت نے سرکاری سکول جہاں غریب عوام کے بچے پڑھتے ہیں، میں جدید سہولتیں فراہم کیں بچے کو ٹاٹ سے اُٹھا کر کرسی پر بٹھایا ۔ہم طبقاتی نظام ختم کرنا چاہتے ہیں اور یہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ممکن نہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت نے سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم متعارف کرایا اور چھ سال بعد سرکاری سکولوں سے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں آنے والے طلبہ وطالبات ایلیٹ کلاس کے بچوں کا ڈٹ مقابلہ کریں گے اور اب غریب کا بچہ بھی افسر بنے گا ۔