92

جامع قانون سازی سے ادارے مضبوط ہوگئے ہیں‘ اسدقیصر

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پرقائم ہے ۔جس کے لئے لوگوں کو منظم کرنے کا عمل جاری رہے گا انہوں نے پی ٹی آئی ورکروں پر ذور دیا کہ وہ پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور پارٹی کے پیغام کو گلی گلی کوچے کوچے عام کریں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے درمیان موجودہے ۔

انشاء اللہ عوام کی طاقت سے آئندہ صوبوں سمیت ملک بھرمیں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہونگی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں ایک فلاحی ریاست قائم ہوگی ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارصوابی کے موضع ذروبی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبے میں جامع قانون سے ادارے مضبوط ہوگئے ہیں۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی خطاب کیااس موقع پر ضلع کونسل کے ممبر بابویوسف اسلام نے اپنے خاندان اور درجنوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔سپیکر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوں نے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔