179

’غیر منتخب شخص کے بجٹ پیش کرنے سے اسمبلی کا تقدس پامال ہوگا‘

اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ غیر منتخب شخص کی جانب سے وفاقی بجٹ پیش کرنے سے پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کیا جارہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت جو آج سالانہ بجٹ پیش کر رہی ہے، اس طرح وہ آئندہ حکومت کا حق چھین رہی ہے۔

بجٹ اجلاس سے قبل قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آج پہلی مرتبہ ایک غیر منتخب شدہ شخص وفاقی بجٹ اسمبلی میں پیش کر رہا ہے، جو پارلیمنٹ کی توہین ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کر رہی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں 3 یا 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے پراعتراض نہیں، تاہم دائرہ کار میں رہتے ہوئے احتجاج جاری رکھیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ اسمبلی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی ہے کہ ایک منتخب رکنِ اسمبلی کے بجائے ایک غیر منتخب شخص کو بجٹ پیش کرنے کی اجازت دے کر نئی روایت ڈالی جارہی ہے۔

بجٹ تقریر سے قبل خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آئین میں 4 ماہ کا بجٹ پیش کرنے کی گنجائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کو قومی اقتصادی کونسل میں ملک کے تین صوبوں نے منطور نہیں کیا۔