71

ٹیوب ویلوں کی خراب مشینری تبدیل کرنیکا حکم

پشاور ۔واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی)کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حاجی شوکت علی نے ٹیوب ویلوں کی بار بار خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور زونل دفاتر کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے میں ٹیوب ویلوں کا سروے کرتے ہوئے خراب موٹروں اور مشینری کی تبدیلی کا پلان وضع کیا جائے اور ایک ماہ کے اندر اندر پرانی موٹریں اور مشینری تبدیل کی جائیں جس کے لئے زونز کی سطح پر خریداری کی جائے جبکہ فاضل موٹرز اور ضروری مشینری کا پول بھی قائم کیا جائے تاکہ شہریوں کو ہر وقت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ 

یہ ہدایت انہوں نے ڈبلیو ایس ایس پی انتظامیہ کے اجلاس میں جاری کی جس میں ٹیوب ویلوں، مشینری اور ٹرانسفارمروں کی خرابی و مرمت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں بورڈ ممبر طاہر عظیم، چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر خانزیب، جی ایم آپریشنز انجینئر علی خان، زونل منیجرز، سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر سپلائی منیجرز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ حاجی شوکت علی نے کہا کی کہ گرمیوں کا سیزن شروع ہوگیا پانی کی طلب بڑھ گئی ہے ۔

ٹیوب ویلوں کی خرابی کی شکایات آرہی ہیں جن سے نمٹنے کے لئے موثر نظام وضع کیا جائے چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے ،فاضل موٹروں اور دیگر آلات کا بندوبست کیا جائے جبکہ ایک ہفتے میں سروے کر کے بار بار جلنے والی موٹروں کی نشاندہی کر کے تبدیل کی جائیں اور قواعد وضوابط کے مطابق کام نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کو وارننگ جاری کی جائے۔ پشاور سے رکن قومی اسمبلی ارباب عامرایوب بھی کچھ دیر کے لئے اجلاس میں شریک ہوئے جن کی درخواست پر رنگ روڈ کی مکمل صفائی کے لئے سات مئی سے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

تاکہ تعمیراتی ملبہ کو اٹھایا جاسکے اور رنگ روڈ پر واقع اڈوں میں فرش بندی کا بندوبست کیا جائے تاکہ گاڑی ٹائروں کے ذریعے سڑکوں پر گرنے والے کیچڑ کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔ صفائی کے ساتھ آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی، پشاور سے منتخب اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے بھی مہم شریک کئے جائیں گے