93

شمشتومیں ڈمپنگ گراؤنڈکے قیام کی تیاریاں مکمل

پشاور۔ پشاور ہائیکورٹ کو بتایا گیا ہے کہ حکومت نے شمشتو کے مقام پر ڈمپنگ سائٹ کیلئے 600کنال زمین کی خریداری سے متعلق سیکشن فور کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس کے بعد تمام قانونی لوازمات پورے کرکے یہ زمین حاصل کی جائے گی ‘ یہ بات جسٹس قیصر رشید اور جسٹس اکرام اللہ کے روبرو ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید سکندر شاہ نے بتائی ‘ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاضل بنچ نے ایڈویشنل ایڈوکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ پشاور کا کچرا کہاں ٹھکانے لگایا جا رہا ہے۔

کیا اس کیلئے جگہ حاصل کر لی گئی ہے کیونکہ زیادہ تر شہریوں کو شکایت ہے کہ کچرا بروقت نہ اٹھانے سے بدبو پھیل رہی ہے‘ اس دوران ڈبلیو ایس ایس پی اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے بھی پیش ہوئے‘ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت نے باہمی مشاورت سے شمشتو میں 600کنال زمین سے متعلق سیکشن فور کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور بہت جلد اسے سرکاری تحویل میں لے کر ڈمپنگ کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

کیونکہ یہ علاقہ شہر سے کافی باہر ہے اورزمین بھی موجود ہے ‘ اس لئے اس میں کوئی خاص رکاوٹ نہیں جس پر فاضل بنچ نے ان سے استفسار کیا کہ سکیشن فور کی بجائے آپ اس کو سیکشن 76کے تحت براہ راست کیوں تحویل میں نہیں لیتے کیونکہ اس سے کام جلدی ہو جائے گا تاہم ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ سیکشن فور کا نوٹیفکیشن ہو چکا ہے اور بہت جلد دیگر لوازمات بھی پورے کرکے زمین سرکاری تحویل میں لے لی جائے گی ‘ جس پر عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی ۔