65

صوبائی حکومت کو کمزور نہیں ہونے دینگے ٗ عنایت اللہ

پشاور ۔ سینئروزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا و پارلیمانی لیڈ ر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سے علیحدگی کسی سیاسی اختلافات ،گلے شکوے یا الزامات کے نتیجے میں نہیں ہورہی ہے بلکہ ہم اپنے نئے اتحاد پر فوکس رکھ کر ایم ایم اے کے اتحاد میں جارہے ہیں ۔حکومت سے علیحدگی کے باوجود صوبائی حکومت کو کمزور نہیں ہونے دیں گے اور اپنی مدت پوری کرنے تک تعاون جاری رکھیں گے ۔

پاکستان کی تاریخ میں نئے جمہوری روایت کو قائم کر کے اپنے حکومتی اتحاد ی سے باہمی مشاورت کے بعد حکومت سے علیٰحدہ ہوں گے ۔ وہ پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کررہے تھے ۔ اس موقع پر میڈیا انچارج محمد اقبال بھی موجود تھے ۔ عنایت اللہ خان نے کہاکہ میر ی سربراہی میں روڈ میپ کے لیے قائم کمیٹی نے دن رات کا م کر کے پانچ سو صفحات پر مشتمل دستاویز تیا رکرلی ہے جس کو آئندہ انتخابات میں عوام کو پیش کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جما عت اسلامی ان تجاویز کی روشنی میں تعلیم ، صحت ،معیشت ، زراعت ، صنعت و حرفت ، تجارت ، بجلی وپانی اور کان کنی جیسے شعبوں میں بہتری کا ایک ایجنڈا تیار کر کے اس پر عملدرآمد کے لیے عوامی پروگرام شروع کرے گی تاکہ ماہرین کے طے کردہ لائحہ عمل کو زیادہ سے زیادہ عوامی بنایا اور ملک میں خوشحالی کا انقلاب برپا کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی قوم کو ترقی و خوشحالی کا ایسا عملی پروگرام دینا چاہتی ہے جس میں ملک کا ہر شہری اپنی صلاحیت اور استطاعت کے مطابق حصہ لے کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کر سکے اور اسے اس کی محنت و صلاحیت کے مطابق آگے بڑھنے کے بھی مواقع مل سکیں۔