51

ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 شہری شہید

گجرات: ایل او سی میں بھارتی فوج کی سول آبادی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری شہید ہوگئے۔

 بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی اور بربریت دن بدن بڑھتی جارہی ہے، جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج ورکنگ باؤنڈری اور  کنٹرول لائن سے ملحقہ شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے۔

بھارتی فورسز نے ایک  بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری شہید جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں وٹالہ گاؤں کے محمد رفیق ولد محمد شریف اور وزیر ولد اللہ رکھا شامل ہیں۔ جب کہ زخمی ہونے والے محمد عثمان اور جنت بی بی کو فوری طور پر سول اسپتال برنالہ منتقل کیا جب کہ جہاں انہیں فوری طبی امداد دی گئی اور بعد میں ڈسٹرکٹ اسپتال بھمبرمنتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کی جارہی ہے جب کہ گزشتہ کئی ماہ سے بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے جس کی وجہ سے اب تک کئی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔