74

میٹرک اور انٹر امتحانات میں ڈیوٹی کا نظام ناکارہ

پشاور۔خیبرپختونخواحکومت کی جانب سے میٹرک اورانٹر میڈیٹ کے امتحانات کیلئے سپرنٹنڈنٹس و ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور دیگر عملے کی ڈیوٹیوں کیلئے ای ایم آئی ایس ڈیٹا کی بنیاد پر قرعہ اندازی کا منصوبہ بری طرح ناکامی سے دوچار ہو گیا ہے ٗ قرعہ اندازی میں بعض سکولوں کے تمام کے تمام عملے کے نام ڈیوٹیوں کیلئے نکلنے لگے ہیں جبکہ بعض سکولوں کا ایک معلم بھی خوش نصیبوں میں شامل نہیں ہوتا ۔

ای ایم آئی ایس قرعہ اندازی کے تقریباً 20فیصد اساتذہ ڈیوٹیوں سے معذرت بھی کر لیتے ہیں جس کے باعث متعلقہ بورڈ انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تعلیمی بورڈ کے ایک ذمہ دار افسر نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے سے قبل تعلیمی بورڈ سکولوں کے سربراہوں کو آن لائن پورٹل فراہم کرتے تھے جس کے ذریعے وہ خواہشمند اور سنجیدہ اساتذہ کی ڈیوٹیوں کیلئے سفارشات کرتے تھے اس طریقے سے صرف سنجیدہ اساتذہ ہی ڈیوٹیوں کیلئے فارم پر کرتے تھے۔

اس ایکسرسائز سے بورڈ کو بروقت امتحانی عملہ بھی میسر آ جاتا تھا تاہم نئے نظام کے بعد تقریباً 20فیصد اساتذہ ڈیوٹیوں سے معذرت کر لیتے ہیں ذمہ دار آفیسر کا کہنا تھا کہ ای ایم آئی ایس کے پاس چونکہ تمام اساتذہ کا ڈیٹا موجود ہوتا ہے اس لئے قرعہ اندازی کے بعد ایسے ایسے اساتذہ کے نام نکل آتے ہیں جنہوں نے کبھی امتحانی ڈیوٹی سرانجام ہی نہیں دی ہوتی جس پر وہ ڈیوٹی سے معذرت بھی کر لیتے ہیں ۔