99

پشاور میں دکانوں کے تالے توڑنے والا گروہ گرفتار

پشاور۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے 24 گھنٹے کے اندر کامیاب کاروائی کے دوران شہر میں دوکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی چوری کرنے والے گروہ کو گرفتا ر کرکے مسروقہ نقد رقم برآمد کرلی گرفتار ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں کئی وارداتوں کا اعتراف کرلیا ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ڈی ایس پی ٹاؤن عبدالسلام خالد نے ایس ایچ او مچنی گیٹ امتیاز خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 22 اپریل کو ملک شیر ولد گل شیر سکنہ سفید سنگ نے تھانہ مچنی گیٹ میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کی شامی روڈ پر چکن زون کی دکان ہے۔

نامعلوم چور وں نے دکان کے تالے توڑ کر 12 لاکھ روپے چوری کرلئے جس کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کی ہدایت پر ایس پی کینٹ وسیم ریاض کی نگرانی میں ڈی ایس پی عبدالسلام خالد ٗایس ایچ او مچنی گیٹ اورتفتیشی آفیسرحمایت خان پر مشتمل خصوصی ٹیم نے سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے دو رکنی گروہ سعید الرحمن ولد خلیل الرحمن سکنہ سفید سنگ حال حسن گڑھی اوراسماعیل ولد پرویز سکنہ حسن گڑھی سلطان قلعہ کو گرفتار کرلیا اور مال مسروقہ برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ہے ۔