67

انجینئرزکی مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو ڈیڈلائن

پشاور۔خیبر پختونخوا کے مختلف محکموں کے انجینئرز نے اپ گریڈیشن اورپروفیشنل الاؤنس سمیت دیگر مطالبات کیلئے حکومت کو ڈیڈلائن دیدیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ انجینئرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر شاکر حبیب نے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو ،ایریگیشن، پبلک ہیلتھ انجینئر نگ، لوکل گورنمنٹ و دیگر محکموں کے انجینئرز، چیف انجینئر ز، ایکسیئن اور اے سیز ودیگر ساتھیوں سمیت پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے انجینئر ز کو اپ گریڈ کرکے پروفیشنل الاؤنس دیا جائے۔

بی ٹیک ہولڈرز کا کوٹہ گریڈ سترہ میں ختم کرکے ان کو پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہاکہ انجینئر ز صوبے کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،صوبے کے بڑے منصوبے بی آر ٹی ، سوات ایکسپریس وے ڈیمز کی تعمیر اور انفراسٹرکچر ، آبپاشی ، آبنوشی، ہاؤسنگ سوسائٹی سمیت دیگر انجینئرزکی شب و روز محنت سے بنتے ہیں لیکن انہیں ابھی تک اپ گریڈیشن ، پروفیشنل الاؤنس کا اعلان کرکے نجی پریکٹس کی اجازت دی جائے ۔

مظاہرین نے کہاکہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو26 اپریل سے صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کرینگے جبکہ30 اپریل کو تمام ترقیاتی فنڈز سرنڈر کرکے ضلعی سطح پر تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام بند کیا جائیگا ۔دوسری جانب لوکل گورنمنٹ کے کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا انجینئرز کی ہڑتال کی حمایت کردی تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن نے خیبر پختونخوا انجینئرز کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے تمام ترقیاتی کام بند کردیئے ۔

لوکل گورنمنٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان حاجی اشتیاق احمد ‘ نوید شاہ ‘ حاجی مختیار گل ‘ حیدر خان نے کہا کہ صوبے بھر کے کنٹریکٹر نے سی اینڈ ڈبلیو ‘ پبلک ہیلتھ ‘ لوکل گورنمنٹ اورایری گیشن ڈیپارٹمنٹ کے انجینئرز کی طرف سے جاری ہڑتال اور احتجاج کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی پشاور ‘ صوابی ‘ مردان اور صوبے کے دیگر اضلاع میں انجینئرز کیساتھ یکجہتی کیلئے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا ۔