80

کنٹریکٹ ملازمین کیلئے مستقل آسامیاں پیدا کرنیکا فیصلہ

پشاور۔خیبرپختونخوا حکومت نے مستقل ہونے والے 57 پراجیکٹ کے ساڑھے 4 ہزار سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کے لئے مستقل آسامیاں پیدا کرنے کا فیصلہ کیاہے اس سلسلے میں سیکرٹری خزانہ کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی قائم کر کے تمام پراجیکٹ کے خصوصی اجلاس طلب کر لئے گئے ہیں جوکہ 2 مئی سے شر وع ہوں گے صوبائی حکومت نے 12 مارچ کو صوبے کے مختلف سرکاری محکموں کے زیر انتظام چلنے والے 57 پراجیکٹس میں کام کرنے والے 4 ہزار آٹھ سو کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا تھا ۔

یہ ملازمین محکمہ تعلیم ثانوی، محکمہ صنعت ، محکمہ اطلاعات ، محکمہ بلدیات ، محکمہ خزانہ ، محکمہ خوراک، محکمہ توانائی ، بورڈ آف ریونیو ، محکمہ مواصلات وتعمیرات ، محکمہ زراعت ، محکمہ داخلہ ، محکمہ پاپولیشن ، محکمہ معدنیات ، محکمہ ماحولیات ، محکمہ سپورٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، محکمہ پی اینڈ ڈی ، محکمہ ریلیف ، محکمہ صحت ، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور محکمہ جیل خانہ جات کے زیر انتظام چلنے والے 57 پراجیکٹس میں کام کررہے ہیں 12 مارچ کو اسمبلی میں پاس ہونیوالے ایکٹ کے تحت ان تمام ملازمین کو مستقل کر دیا گیا تھا تاہم اب ان ملازمین کے لئے مستقل آسامیاں پیدا کی جائیں گی جس کے لئے صوبائی سیکرٹری خزانہ شکیل قادرخان کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جن میں ایڈیشنل سیکرٹری ایگولیشن محکمہ خزانہ ، بجٹ آفیسر محکمہ خزانہ کے علاوہ محکمہ اسٹیبلشمنٹ محکمہ قانون اور محکمہ انتظامیہ کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

کمیٹی مستقل ہونے والے 4 ہزار 8 سو ملازمین کے لئے نئی آسامیاں اور آسامیوں کی گریڈیشن کے لئے طریقہ کار وضع کر کے حکومت کو سفارش پیش کرے گی جبکہ اس کیعلاوہ پراجکیٹس میں موجود خالی آسامیوں کوبحال کرنے کے طریقہ کار بھی جائزہ لے گی ، کمیٹی مختلف محکموں کے پراجیکٹس کے ساتھ 2 مئی سے الگ ایک اجلاس منعقد کرنے کا آغازکرے گی ، پہلا اجلاس 2 مئی کو پی اینڈ ڈی کے زیر اہتمام چلنے والے پراجیکٹس ملازمین سے متعلق منعقد کیا جائے گا جبکہ آخری اجلاس 25 مئی کو محکمہ اعلیٰ تعلیم اور محکمہ جیلخانہ جات کے زیر اہتمام چلنے والے پراجیکٹس ملازمین کے حوالے سے منعقدکیاجائے گا۔