88

دبئی میں عوامی مقامات پر طبی سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ

دبئی ۔دبئی حکومت نے شہریوں کے لیے عوامی مقامات پر طبی چیک اپ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت کی جانب سے صحت کا خاص خیال رکھنے کے لیے ہیلتھ پوڈز اسکینر متعارف کروائے گئے ہیں جن کی مدد سے چلتے پھرتے چیک اپ کروانا انتہائی آسان ہوگا۔آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے مزین ان ہیلتھ پوڈز اسکینرز کو مختلف شاپنگ مالز، تفریحی مقامات اور دفاتر میں نصب کیا جائیگا ٗ جہاں بلڈ شوگر، بلڈ پریشر، مسل ماس، ہائیڈریشن، وزن اور قد جانچنے کے ساتھ اس کی رپورٹ بھی فوراً مل جائے گی۔

ان ہیلتھ پوڈز کی رپورٹس اسپتالوں کو بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ کسی بیماری کی صورت میں ہسپتال خود ہی شہری سے رابطہ کرسکے۔ہیلتھ پوڈز اسکینر بنانے والی کمپنی بوڈیو کے سی ای او طارق حسین کا کہنا ہے کہ اس اسکینر کے سامنے صرف کھڑا ہونا پڑیگا اور یہ جسم کو مکمل طور پر جانچ لے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ بلڈ پریشر، شوگر اور حرکت قلب چیک کرنے کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی مضبوطی، خون کی گردش، قد اور وزن کو بھی مانیٹر کریگا اور اگر کسی بھی شخص میں اس حوالے سے شکایت موصول ہوئی تو اسے ہسپتال بلایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ پوڈز اسکینر لگانے کا مقصد شہریوں کو کسی مہلک بیماری ہونے سے قبل خبردار کرنا ہے۔