81

ہڑتال کرنیوالے سکولوں کے اکاؤنٹس منجمد کرنیکاحکم

پشاور۔پشاورہائیکورٹ نے ہڑتال کرنے والے پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائی کیلئے خیبر پختونخوا سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کو احکامات جاری کردئیے جبکہ ہڑتال کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے بنک اکاؤنٹس منجمد کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس وقار احمد سیٹھ اور جسٹس محمد ایوب نے پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت کی ہائیکورٹ نے سکول فیسوں پر عملدرآمد نہ کرنے سے متعلق مختلف کیسز کو یکجا کیا تھا ۔

کیس کی سماعت کے دوران خیبر پختونخواریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر ظفر علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ والدین کی جانب سے عباس خان سنگین ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہائیکورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا اور ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق تین فیصد اضافہ کے بجائے دس فیصد اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ بعض تعلیمی ادارے اس پر عملدرآمد نہیں کررہی ۔

انہوں نے خیبرپختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی کے پاس عملہ کے نہ ہونے سے متعلق نکتہ بھی اٹھایا خیبر پختونخوا ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ظفر علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ سکولوں کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں دو رکنی بنچ جس کی سربراہی جسٹس وقار احمد سیٹھ کررہے تھے نے احکامات جاری کردئیے کہ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور ہڑتال کرنے والے سکولوں کو تحویل میں لینے اور ایڈمنسٹریشن اور اکاؤنٹ سیل کرنے کی احکامات جاری کردئیے جس کے بعد کیس کی سماعت اگلی سماعت کیلئے ملتوی کردی گئی۔