154

نواز شریف اہلیہ کی تیماداری کیلئے لندن پہنچ گئے

لاہور ۔ سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نوازشریف کی عیادت کے لئے لندن پہنچ گئے۔ مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) محمد صفدر بھی نوازشریف کے ہمراہ لندن چلے گئے۔ نوازشریف اور مریم نواز کی بیگم کلثوم نواز کی تیمارداری کے بعد 22 اپریل کو وطن واپسی کا امکان ہے۔ نوازشریف کو اہل خانہ سمیت سخت سکیورٹی میں رائیونڈ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لے جایا گیا جہاں سے وہ غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے لندن روانہ ہوئے۔ نوازشریف لندن میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرینگے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق کیموتھراپی کے بعد بیگم کلثوم نواز کی طبیعت انتہائی خراب ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز کی 22 اپریل کو وطن واپسی کا امکان ہے۔ نوازشریف کے وکلاء کی جانب سے کل (جمعہ) کے روز حاضری سے استثنیٰ کی درخواست احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کو دی جائے گی جبکہ رونگی سے قبل مریم نوازشریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ والدہ کی تیمارداری کے لئے لندن جارہے ہیں۔

اگر استثنیٰ نہ ملا تو آئندہ پیشی سے قبل واپس آ جائیں گے۔ مریم نواز نے قوم سے اپنی والدہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے جبکہ (ن) لیگ نے طے شدہ تمام جلسے موخر کر دیئے ہیں۔ نوازشریف اور مریم نواز نے 20 اپریل کو لالہ موسیٰ میں جلسہ سے خطاب کرنا تھا جبکہ 21 اپریل کو ساہیوال میں اور 22 اپریل کو مانسہرہ میں جلسہ سے خطاب کرنا تھا، اب جلسوں کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔