222

ایکنک نے دیا میر بھاشا ڈیم کی منظوری دیدی 

اسلام آباد۔ قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک ) نے دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے 4کھرب 74ارب روپے کی منظوری ، تریموں جھنگ (آر ایل این جی) پاورپلانٹ سے بجلی کی ترسیل ، انصاف تک رسائی کے پروگرام کے ازسرنو اجراء اور لودھراں ، ملتان ، جانیوالی اور شاہدرہ باغ ریلوے سگنلز کی تبدیلی کی منظوری دیدی ، منگل کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے کیلئے 4کھرب 74ارب روپے کی منظوری دی گئی، اس منصوبے سے ڈیم میں 604ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہوگی، دیامیر بھاشا ڈیم سے ساڑھے 4ہزار میگاواٹ سستی بجلی حاصل ہوسکے گی اور ملکی آبی ذخائر کی گنجائش 38دن سے بڑھ کر 45دن ہوجائے گی، اجلاس میں 2998ملین روپے گوادر لسبیلہ روزگار معاون منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے سے گوادر اور لسبیلہ کے اضلاع میں غربت کم کرنے میں مدد ملے گی، یہ منصوبہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ، فشریزڈویلپمنت اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری سے متعلق ہے۔ اجلاس میں تریموں جھنگ (آر ایل این جی) پاور پلانٹ سے بجلی کی ترسیل کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔

1320میگاواٹ بجلی کے ترسیلی منصوبے پر 4ارب 23کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔اجلاس میں انصاف تک رسائی کے پروگرام کے ازسر نو اجراء کی بھی منظوری دی گئی، اس پروگرام پر 4ارب 71کروڑ روپے خرچ ہوں گے، یہ منصوبہ مقننہ ، عدلیہ ، پولیس اور انتظامی اصلاحات پر مشتمل ہوگا، اس منصوبے میں دفتری عمارات سمیت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر بھی شامل ہوگی، اجلاس میں لودھراں ملتان، خانیوال اور شاہدرہ باغ ریلوے سگنلز تبدیلی منظوری بھی دی گئی، ریلوے سگنلز کی تبدیلی پر 18ارب 35کروڑ روپے لاگت آئے گی، اس منصوبے میں یوسف والا ریلوے سٹیشن کی تعمیر نو بھی شامل ہے، ریلوے لائن پر 24پھاٹک کی توسیع اور عملہ کی تعیناتی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔