209

پشاور میں نقشوں کے بغیر کمرشل پلازوں کی تعمیر کا انکشاف

پشاور۔ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن ٹاؤن 2کی حدود میں 300کمرشل نقشے گزشتہ دو سال سے زیر التواء ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ نقشوں کی عدم منظور ی کے باوجود مختلف علاقوں میں بڑے بڑے کمرشل پلازے تعمیر ہو چکے ہیں ناظم ٹاؤن فور نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ ایکسین اور ایس ڈی او کو انکوائری آفیسرز مقرر کرکے تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ناظم ٹاؤن ٹو فرید اللہ خان کافور ڈھیری نے عوامی شکایات کے بعد ایک ہفتے قبل ورسک روڈ ٗ چارسدہ روڈ اور جی ٹی روڈ اور پجگی روڈ پر واقع متعد دپلازوں کا فزیکلی معائنہ کیا اس موقع پر انہیں انکشاف ہوا کہ ان پلازوں کے نقشے منظوری کیلئے ٹاؤن ٹو کے دفتر میں پڑے ہیں جس کے بعد انہوں نے گزشتہ روز بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر کا اچانک معائنہ کیا اور جانچ پڑتال کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ گزشتہ 2سال سے 300کمرشل نقشے منظوری کے منتظر ہیں۔

بعدازاں ناظم ٹاؤن ٹو نے ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں ٹی ایم او ٗ ایکسیئن ٗ ایس ڈی او اور بی سی اے کے متعلقہ عملے نے شرکت کی اجلاس میں ناظم نے ٹی ایم او اور ایکسیئن کی سفارش پر بی سی اے کو ایک ہفتے کی مہلت دی اور ان سے کمرشل نقشوں کی عدم منظوری کی وجوہات مانگ لیں ۔