156

بی آر ٹی منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن

پشاور ۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ وماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد وزیر نے کہا ہے کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی سیاست چمکانے کے لئے پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے خلاف عوام کو گمراہ کرنے کے لئے منفی پروپیگنڈہ کرنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔

وزیراعلیٰ خصوصی دلچسپی اورپشاور کے عوام کے بھر پور تعاون سے یہ منصوبہ اب تکمیل کی جانب تیزی سے گامزن ہے اورموجودہ حکومت کے دورمیں ہی اسے مکمل کیاجائے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیرکے روز پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تعمیر پر پیش رفت اورعوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کانوٹس لیتے ہوئے ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا۔ ملک شاہ محمد نے شکایات کافوری نوٹس لیتے ہوئے پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی سمیت بی آر ٹی منصوبے کے کنٹریکٹر اور دیگرمتعلقہ حکام کو ان شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے ‘ بی آر ٹی منصوبے سے متصل تمام سڑکو ں کی اسفالٹنگ اورکارپٹنگ کے علاوہ تعمیراتی ملبہ ہٹانے اورسڑکوں کی صفائی کاعمل دس دن کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔

تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور گرد وغبار کابھی فوری خاتمہ ہو۔ ملک شاہ محمد نے ہدایت کی کہ رات کے اوقات میں ٹریفک کو کسی صورت بند نہ کیا جائے اورحفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے عوام کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آرٹی ایک عوامی فلاحی منصوبہ ہے جس کے معیار اور بروقت تکمیل پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔ معاون خصوصی نے سیاسی مخالفین اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس وسیع ترعوامی مفاد کے منصوبے پر محض تنقید نہ کریں۔

حکومت تنقید برائے اصلاح کو خوش آمدید کہے گی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ کے معاو ن خصوصی سے ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی کی سربراہی میں ٹرانسپورٹروں کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ معاون خصوصی کو ان کو درپیش مسائل اوربعض تحفظات سے تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے ٹرانسپورٹروں کے مسائل غور سے سنے اوراس سلسلے میں ان کے مستقل حل کے لئے ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کے سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی۔