138

ڈی سیز کو عطائی ڈاکٹروں کیخلاف کاروائی کا اختیار تفویض

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں نیم حکیموں اور غیر قانونی عطائیوں کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے تمام ضلعی ڈپٹی کمشنروں کو مروجہ قانون کے تحت اختیارات سونپ دیے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق پی ایم آر یو چیف سیکر ٹری آفس نے ڈرگس ایکٹ 1976کی شق دس اور ایلوپیتھیک سسٹم آرڈیننس کے تحت تمام ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسٹنٹ کمشنرز اور ایڈیشنل اسٹنٹ کمشنرز کو متعلقہ اضلاع میں مذکورہ قانون پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے اختیارات سونپ دیے ہیں جس کے پیش نظر اب ایک مہینے کے اندر آگاہی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ نیم حکیموں اور غیر قانونی عطائیوں پر پابندی لگانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں ۔

تمام کمشنرز کو اس بارے رپورٹ تیار کرکے صوبائی اصلاحاتی یونٹ کو ترجیحی بنیادوں پر بجھوانے کی بھی تاکید کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ مذکورہ ایکٹ کے تحت کاروائی متعلقہ انسپکٹرز کو سونپی گئی تھی تاہم اب ڈپٹی کمشنرز کو بھی اب ان غیر قانونی سرگرمیوں خلاف کاروائی کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں ۔