102

سیاسی مسائل عدالتوں میں جانے سے لوگ مایوس ہوتے ہیں، اسفندیار ولی

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ سیاسی مسئلے نہ لیں کیوں کہ سیاسی مسائل عدالتوں میں جانے سے لوگ مایوس ہوتے ہیں۔

بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ سیاسی مسئلے پارلیمنٹ میں حل کریں لیکن کپتان سیاسی مسائل کو عدالت لے گئے جب کہ ہماری سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ سیاسی مسئلے نہ لیں کیوں کہ سیاسی مسائل عدالتوں میں جانے سے لوگ مایوس ہوتے ہیں اور حکومت وقت سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کریں۔

اسفندیار ولی نے کہا کہ اے این پی کے کسی بھی رکن پر کرپشن کا کیس نہیں جب کہ پرویز خٹک پر کب سے نیب کے کیسز چل رہے ہیں، ہم نے پختونوں کو شناخت دے کر پختونخوا کا نام حاصل کیا اگر اٹھارہویں ترمیم واپس کی گئی تو سڑکوں پر نکلیں گے کیوں کہ اٹھارہویں ترمیم کا واپس لینا ہمارے ساتھ زیادتی ہے۔

اسفند یار نے مزید کہا کہ سی پیک کو چین پنجاب اکنامک کوریڈور میں تبدیل کر دیا گیا ہے اگر موقع ملا تو صوبے کی تمام محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔