100

نگران وزیر اعظم کیلئے اپوزیشن کی تجویز کا انتظار ہے ‘ احسن اقبال

نارووال۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام مسلم لیگ (ن) کو پہلے سے زیادہ مینڈیٹ دیں گے ،نگران وزیر اعظم کے لئے اپوزیشن کی تجویز کا انتظار ہے پھر ہم اپنا نام دیں گے ۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دشمن پاکستان کے خلاف بہت سازشیں کر رہے ہیں اور وہ سی پیک ناکام کرنے کے لیے ہمیں اندرونی طور پر غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

ادارے اور سیاسی جماعتیں ملک دشمن عناصر کو پہچانیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے لئے اپوزیشن کے نام کا انتظار ہے اس کے بعد ہم اپنانام دیں گے اور مسلم لیگ ایسے نام دے گی جو غیر جانبدار ہوں اور ان کا جمہوری کردار ہو، نگران وزیر اعظم کے لئے ہو سکتا ہے اپوزیشن ہمارا نام مستردکر دے۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں پاکستان کا مفاد عزیز ہے ہم ملک کے اندر بد امنی نہیں چاہتے پاکستان کی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ چور دروازے سے داخل ہونے والے پی ٹی آئی میں جا رہے ہیں اور جن کو ٹکٹ نہیں ملنے وہ (ن) لیگ چھوڑ رہے ہیں، مسلم لیگ آئندہ کا لائحہ عمل پارٹی اجلاس میں دے گی۔