82

خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد۔ہائیکورٹ نے وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار اور خواجہ آصف کے وکلا سے 3 روز میں رائے طلب کرلی ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی درخواست کی سماعت کی۔

عثمان ڈار اپنے وکیل سکندر بشیر ایڈووکیٹ کیساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف پہلے دبئی میں بینک میں ملازمت کرتے تھے، وہ دبئی میں فل ٹائم نہیں بلکہ ایڈوائزر کے طور پر ملازمت کرتے تھے۔عثمان ڈار کے وکیل نے کہا کہ آئی ایم ای سی ایل کمپنی میں خواجہ آصف نے ملازمت کی ہے، وہ فل ٹائم ملازمت کرتے تھے۔

1.2 ملین درہم جو پاکستانی 34 ملین بنتے ہیں خواجہ آصف سالانہ حاصل کرتے تھے۔جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی اور ملک میں ملازمت کرتا ہے تو پاکستان میں کیسے وزارت چلاسکتا ہے؟جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ وفاقی وزیر کو کیاضرورت پڑی ہے کسی اور ملک میں فل ٹائم ملازمت کرنے کی؟ ایک وزیر وکالت نہیں کرسکتا تو کسی اور ملک میں ملازمت کیسے کرسکتا ہے؟عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور دونوں فریقین کے وکلا سے 3 روز میں رائے طلب کرلی۔