94

ہم پرمغرب کا ایجنڈا مسلط کیا جارہا ہے‘مولانا فضل الرحمن

ہری پور ۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ آج ملک میں سیاست پر مذہب بیزار قوتوں کی بالادستی ہے‘ مغرب کا طے کردہ ایجنڈا ہم پر مسلط کیا جارہا ہے‘ پاکستان میں معیشت کی بنیاد سود پر ہے‘ قائد اعظم نے معیشت کی بنیاد اسلامی اصولوں پر رکھنے کا کہا تھا‘ بندوق کے زور پر نہیں بلکہ اقتدار کا حق تو عوام کے ووٹ سے ہے‘ زبان اور قومیت کی بنیاد پر قوم کو تسیم نہیں کرنا چاہتے‘ قوم کو سود سے پاک معیشت فراہم کرنا چاہتے ہیں‘ ہم بین المذاہب مکالمے اور مذاکرات کیلئے تیار ہیں‘ حزب اقتدار میں ہوں یا اختلاف میں ہمیشہ حق کی بات کرتے ہیں۔ منگل کو فضل الرحمن نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سفر سیاسی سفر ہے آج پوری دنیا میں امت مسلمہ آزمائش سے گزر رہی ہے۔ آج ملک میں سیاست پر مذہب بیزار قوتوں کی بالادستی ہے۔ وہ قوتیں مسلط ہیں جو عدل کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

مغرب کا طے کردہ ایجنڈا ہم پر مسلط کیا جارہا ہے ہم اپنی معیشت کی بنیاد اسلام کے اصولوں پر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے سودی نظام کے خلاف سفارشات دیدیں۔ ہم پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ ہیں بندوق کے زور پر نہیں بلکہ اقتدار کا حق عوام کے ووٹ سے ہے۔ زبان اور قومیت پر قوم کو تقسیم نہیں کرنا چاہتے۔ خود کو اس قابل بنائیں کہ آپ کی آواز ایوان تک پہنچے۔ ہماری تجارت کا انحصار سود پر ہے قائد اعظم نے کہا تھا کہ معیشت کی بنیاد مغربی اصولوں پر نہیں رکھیں گے۔

قائد اعظم نے معیشت کی بنیاد اسلامی اصولوں پر رکھنے کا کہا تھا۔ سروے کے مطابق 98 فیصد آبادی نے سودی بینکاری کی مخالفت کی قوم کو سود سے پاک معیشت فراہم رکنا چاہتے ہیں۔ ستر سال سے حکمرانوں کی ناکامیاں ہی دیکھ رہے ہیں۔ مکالمے جنگ کے ماحول اور بارود کی بارش کے نیچے نہیں ہوتے۔ امریکہ افغانستان اور عراق سے نکل جائے ہم بین المذاہب مکالمے اور مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ حزب اختلاف میں ہوں یا اقتدار میں ہمیشہ حق کی بات کرتے ہیں۔