323

نیوزی لینڈ کی گلوکارہ نے اسرائیل میں کنسرٹ منسوخ کردیا

نیوزی لینڈ۔نامور پاپ گلوکارہ لورڈ نے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف اسرائیل میں کنسرٹ منسوخ کردیا۔ اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینیوں پر کئے جانے والے مظالم سے پوری دنیا واقف ہے اور امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا اپنا سفارتی خانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اعلان کے بعد فنکار برادری کی جانب سے بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

نیوزی لینڈ کی پاپ گلوکارہ لورڈ نے بھی اسرائیل میں ہونے والا اپنا کنسرٹ منسوخ کردیا۔ گلوکارہ نے ایک ہفتے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ جون میں اسرائیل میں تل ابیب کنونشن سینٹر میں کنسرٹ کریں گی لیکن یورپ میں جاری بائیکاٹ‘ ڈائیوسمنٹ سینکشن (بی ڈی ایس) مہم میں شامل افراد کی تنقید کے بعد لورڈ نے اسرائیل میں ہونے والا کنسرٹ منسوخ کردیا۔

بی ڈی ایس مہم میں شامل لوگوں اور مداحوں کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط میں انہیں اسرائیل کی بربریت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا تھاکہ ناانصافی کو چیلنج کریں اور ترقی پسند نیوزی لینڈ کی میراث کا خیال کریں۔