221

تنہا رہنے والوں کے لیے دوست روبوٹ

جنوبی کوریا: سائنسدانوں نے تنہا رہنے والے لوگوں کے لیے ایک عجیب وغریب لیکن مفید روبوٹ تیار کیا ہے جو آپ کو مجبور کرتا ہے کہ آپ اپنے دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہیں۔

اس نئے روبوٹ کو جنوبی کوریا میں واقع یونسائی یونیورسٹی اور کوریا ایڈوانس انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کے اے آئی ایس ٹی) نے مشترکہ طور پر ڈیزائن کیا ہے جسے ’فرائبو‘ کا نام دیا گیا ہے جو گھر میں آپ کی ہر بات سنتا ہے اور آپ کی مصروفیات سے دوستوں سے واقف کرتا ہے تاکہ دوست آپ کی تنہائی کو دور کرنے میں مدد کرسکیں۔ فائبرو بنانے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ دوستوں کو میسج اور کال کرنے اور دوستوں سے ملاقات کی ترغیب دیتا ہے۔

فرائبو آپ کے اٹھنے، بیٹھنے، دروازہ کھولنے اور دیگر حرکات و سکنات کا جائزہ بھی لیتا ہے اور اسے آپ کے دوستوں کے گروپ پر بھیج دیتا ہے۔ اگرچہ تنہا لوگوں نے اسے مفید قرار دیا ہے لیکن اسے اپنے تخلیے (پرائیویسی) میں بے جا مداخلت بھی قرار دیا ہے۔

یہ روبوٹ گھریلو مائیکروفون سے آوازیں سنتا ہے اور فریج کھولنے تک کےعمل کو بھی یاد رکھتا ہے۔  اگر آپ روبوٹ کے سامنے تین مرتبہ تالی بجائیں گے تو یہ آپ کے دوست کی سرگرمی کے جواب میں اسے ایک حوصلہ بھرا پیغام بھیجتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ روبوٹ گھر میں موجود ’زندگی کے شور‘ کو نوٹ کرتا ہے لیکن اسے ریکارڈ نہیں کرتا اور نہ ہی اسے نشر کرتا ہے لیکن یہ ان آوازوں کو سن کر اپنا ردِ عمل ضرور ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین نے ایک ایک ماہ تک اس روبوٹ کو اپنے گھروں میں آزمایا ہے۔

اس پر ایک ماہر نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا ہر لمحہ اپنے دیگر دوستوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔ دیگر ماہرین نے کہا ہے کہ فائبرو نے ان کی روزمرہ زندگی تبدیل کردی ہے۔ تمام ماہرین نے اتفاق کیا ہے کہ ہر روز وہ فرائبو کے قریب ہوتے گئے اور اس سے خاص تعلق قائم ہوگیا۔ تاہم دیگر افراد نے کہا ہے کہ اس سے روبوٹ ان کی نجی زندگی کی تفصیلات نوٹ کرسکتا ہے اور یوں وہ اسے پرائیویسی کے لیے خطرہ تصور کرتے ہیں۔