270

بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا صحت کے لئے نقصان دہ

پشاور۔لگاتار کئی گھنٹوں تک ٹیلیویژن دیکھنا جسمانی صحت کیلئے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے‘ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کئی کئی گھنٹے لگاتار ٹی وی دیکھنا نیند کے معیار کو ناقص، زیادہ تھکاوٹ اور بے خوابی کا باعث بنتا ہے‘یہ منفی اثر اسی وقت مرتب ہوتا ہے‘جب لگاتار کئی گھنٹوں تک ٹی وی سکرین کے سامنے بیٹھے رہیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کیلئے اسے دیکھنا اثرانداز نہیں ہوتا‘یہ عادت نوجوانوں کیلئے زیادہ تباہ کن ثابت ہوتی ہے اور ان کی نیند بری طرح متاثر ہوسکتی ہے‘واضح رہے کہ نیند کی کمی امراض قلب، موٹاپے، ذیابیطس اور کئی دیگر امراض کا خطرہ بڑھانے کا باعث بنتی ہے۔

‘تحقیق کے دوران اٹھارہ سے پچیس سال کی عمر کے لگ بھگ ساڑھے چار سو افراد کا جائزہ لیا اور جانا گیا کہ لگاتار کئی گھنٹوں تک ٹی وی دیکھنے سے ان کے نیند کے معیار، بے خوابی اور تھکاوٹ پر کیا اثرات مرتب ہوئے‘81 فیصد افراد نے بتایا کہ وہ ٹی وی بہت زیادہ دیکھنے کے عادی ہیں جن میں سے سات فیصد روز ایسا کرتے تھے‘نتائج سے معلوم ہوا کہ بہت زیادہ ٹی وی دیکھنا نیند کے معیار کو ناقص بنانے کا باعث بنتا ہے اور جسمانی تھکاوٹ کا احساس بھی بڑھ جاتا ہے‘محققین کا کہنا تھا کہ ٹی وی شوز کی کہانی صارفین کو سکرین کے سامنے باندھے رکھتی ہے اور لوگ زیادہ سے زیادہ جاننے کے لئے ٹیلیویژن دیکھتے رہتے ہیں‘۔

یہ عادت دماغ پر اثر انداز ہوتی ہے اور دماغ کو نیند سے قبل دوبارہ معمول پر لانے کے لئے لمبا عرصہ درکار ہوتا ہے ‘جس سے مجموعی طور پر نیند متاثر ہوتی ہے‘اس سے قبل ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو لوگ بہت زیادہ ٹی وی دیکھتے ہیں ان کے مسلز دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ مضبوط نہیں ہوتے‘اسی طرح ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک سے دو گھنٹے ٹی وی دیکھنا بھی ڈپریشن، ذہنی بے چینی اور تناؤ کا خطرہ بڑھانے کے لئے کافی ثابت ہوتا ہے‘کچھ عرصے پہلے ایک تحقیق میں یہ انکشاف کیا گیا تھا کہ روزانہ ساڑھے تین گھنٹے ٹی وی دیکھنا نہ صرف کینسر اور امراض قلب کا خطرہ بڑھاتا ہے‘بلکہ ذیابیطس‘نمونیا اور جگر کے امراض کا باعث بھی بن سکتا ہے۔