7

ملک کو ری سیٹ کرنے کی ضرورت ہے، مگر یہ عمل جمہوری انداز میں ہونا چاہیے: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا پنجاب اور سندھ میں کوئی الگ الگ مؤقف نہیں، پارٹی تمام صوبوں کے لیے ایک ہی رائے رکھتی ہے۔ پنجاب اسمبلی کا فیصلہ ہو یا سندھ اسمبلی کا، وہ دونوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

ملتان میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں احتجاج کرنے والے انہیں وفاق پرست جبکہ اسلام آباد میں قوم پرست کہتے ہیں، لیکن وہ صرف پاکستان پرست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ان کی آواز دبائی جاسکتی ہے تو ایسا ممکن نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی قرارداد منظور کی گئی، جبکہ سندھ اسمبلی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف متعدد بار قراردادیں مسترد کی ہیں۔ وہ پنجاب کی تقسیم کے خلاف ہیں اور انہوں نے کبھی پنجاب کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کی بات نہیں کی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کراچی نے امن کے حوالے سے مشکل حالات دیکھے ہیں اور بڑی جدوجہد کے بعد شہر میں امن قائم کیا گیا۔ سندھ کی سیاست میں پیپلز پارٹی کو روکنے کے لیے نفرت کا بیج بویا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں کے احتجاج کے روز ایم کیو ایم کی جانب سے جلسے کا اعلان اور پھر سندھ کے کلچر ڈے پر ایک اور جلسہ رکھنے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک تمام سیاسی جماعتوں کا انتخابی نظام پر اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات اور ریفرنڈم متنازع رہیں گے۔ موجودہ الیکشن پر پہلی مرتبہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتیں دونوں اعتراضات اٹھا رہی ہیں اور اسے دھاندلی زدہ قرار دے رہی ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات میں ایک ری سیٹ یا ری بوٹ کی ضرورت ہے، تاہم یہ عمل جمہوری انداز میں ہونا چاہیے۔ اگر پارلیمان کو فعال بنانا ہے تو ملک کے تمام اہم فیصلے پارلیمان میں ہونے چاہئیں، کیونکہ پارلیمان سے باہر کیے جانے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔

معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اس لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ فنانس کمیٹی میں بیٹھ کر اپنا کردار ادا کرے تاکہ نظام عوام کی خدمت کے قابل بنایا جاسکے۔

27ویں آئینی ترمیم سے متعلق اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کے الفاظ برُوٹ میجورٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ یہ ترمیم دو تہائی اکثریت سے منظور ہوئی، تاہم اپوزیشن کو اس پر اعتماد نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ترمیم کو پھاڑ دیا جائے، بلکہ زیادہ اتفاق رائے سے منظور ہونے والی آئینی ترمیم زیادہ مضبوط ہوتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر کہا کہ ان کے خیال میں یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو ملنی چاہئیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ججز بھی عدالتی نظام سے مطمئن نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کا نظام کیوں اور کیسے ناکام ہوا، اس کا تعین کیے بغیر اسے بحال نہیں کیا جاسکتا۔ 1973 کا آئین خود بخود ختم نہیں ہوا بلکہ اسے ختم کروایا گیا، اس لیے نظام کی بحالی کے لیے وجوہات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔