جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی احتجاجی کال پر کارکنان نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں پر دھرنے دے کر اہم شاہراہیں بند کردیں، جس کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
جے یو آئی کے کارکنان نے پارٹی قائد کی ہدایت پر حب ریور روڈ، سہراب گوٹھ اور گھگر پھاٹک کے مقامات پر احتجاجی دھرنے شروع کردیے۔
مظاہرین نے کراچی سے حیدرآباد جانے اور وہاں سے کراچی آنے والی سڑکیں بھی بند کردیں، جبکہ سہراب گوٹھ کے قریب سپر ہائی وے کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بلاک کردیا گیا۔
احتجاج کے باعث مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے شہریوں کی آمدورفت بھی مشکلات کا شکار ہوگئی۔
دوسری جانب گھگر پھاٹک پر بھی جمعیت علمائے اسلام کے کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور دھرنا دے دیا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے کارکنان کو ملک بھر کی اہم شاہراہوں، ہائی ویز اور موٹرویز بند کرکے تاحکم ثانی احتجاج جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد جے یو آئی کے کارکنان نے مختلف مقامات پر احتجاج شروع کردیا ہے۔









