7

امریکا میں شدید طوفان، بارش اور برفباری سے نظامِ زندگی درہم برہم، سیکڑوں پروازیں منسوخ

امریکا کی مختلف ریاستوں میں شدید طوفان، بارش، برفباری اور تیز ہواؤں نے معمولاتِ زندگی متاثر کردیے، خراب موسم کے باعث فضائی سفر میں بڑے پیمانے پر خلل پیدا ہوگیا جبکہ ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔

امریکی مشرقی علاقوں میں آنے والے شدید طوفان نے الینوائے سے نیو جرسی تک متعدد ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے باعث نیویارک کی مشہور میسیز تھینکس گیونگ پریڈ بھی ملتوی کردی گئی، جو اس تقریب کی 100 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔

طوفان کے باعث تھینکس گیونگ کی تعطیلات پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جبکہ تیز ہواؤں نے بھی شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔

بحر اوقیانوس کے ساحلی علاقوں میں سمندر کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ بعض مقامات پر پانی کی سطح 2012 کے تباہ کن طوفان سینڈی کے بعد بلند ترین سطح تک پہنچنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکا کے مغربی ساحل پر بحرالکاہل سے آنے والے ایک الگ طوفان کے باعث بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے، جس نے شمال مغربی علاقوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

سان ڈیاگو میں غیر معمولی بلند سمندری لہروں نے ریکارڈ قائم کیا، جبکہ سان فرانسسکو کے قریب سمندر کی تیز موجوں کے باعث ایک گھاٹ کا حصہ بھی منہدم ہوگیا۔

خراب موسم کے باعث فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے۔ جمعرات کی صبح ہی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی تھیں، جبکہ گزشتہ روز 6 ہزار سے زائد پروازوں میں تاخیر اور تقریباً 150 پروازیں منسوخ کی گئیں۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں موسمی صورتحال اور بجلی کی بندش پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے، جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔