غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی کارروائیاں نہ رک سکیں، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حملوں میں مزید 19 فلسطینی شہید اور 48 زخمی ہوگئے، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران سابق فلسطینی رکن اسمبلی سمیت 11 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2025 میں امریکی ثالثی کے تحت طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائیاں جاری ہیں، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی برقرار ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے تقریباً دو تہائی حصے پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے، جبکہ حماس کا کنٹرول ساحلی پٹی کے مخصوص علاقے تک محدود ہے۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ 11 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک ہزار 705 ہوگئی ہے، جبکہ 6 ہزار 163 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق اسی عرصے کے دوران مختلف مقامات سے ملبے تلے دبے 851 فلسطینیوں کی لاشیں بھی نکالی جاچکی ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں غزہ میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 74 ہزار 772 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ ایک لاکھ 76 ہزار 298 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپے، سابق رکن اسمبلی سمیت 11 فلسطینی گرفتار
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 11 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
گرفتار ہونے والوں میں 58 سالہ سابق فلسطینی رکن اسمبلی احمد عطون بھی شامل ہیں، جنہیں بیت المقدس کے جنوب میں واقع قصبے بیت ساحور سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں اس سے قبل مقبوضہ بیت المقدس سے جبری طور پر بے دخل کیا جاچکا ہے۔
فلسطینی قیدیوں کے میڈیا دفتر کا کہنا ہے کہ سابق قیدیوں اور بیت المقدس کے سابق قانون سازوں کو نشانہ بنانا فلسطینی قومی شخصیات کے خلاف اسرائیلی پالیسی کا حصہ ہے۔
فلسطینی شہری کی گاڑی نذر آتش
ادھر انسانی حقوق کی تنظیم البیدر کے مطابق نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیتا میں اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی شہری حمزہ سعد التمر قطش کی گاڑی کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ حملہ آور فرار ہوگئے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے آغاز کے بعد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کے چھاپوں، گرفتاریوں اور آبادکاروں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
فلسطینی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے اکتوبر 2026 کے آغاز تک مقبوضہ مغربی کنارے میں 26 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔









