218

نواز شریف کے بعد اب زرداری کی باری ہے ٗ عمران خان

نوابشاہ ۔چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بعد اب آصف زرداری کی باری ہے اور اب آصف زرداری بھی کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا اور پھر سے کیوں جیل میں ڈالا۔ وہ جمعرات کو تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم سے خطاب کررہے تھے ۔ عمران خان نے کہاکہ ابھی حال ہی میں بلوچستان کا دورہ کر کے آیا ہوں اور سندھ کے حالات بلوچستان سے بھی بدتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حالات خراب ہونے کی وجہ سب سے بڑی بیماری آصف زرداری ہیں کیونکہ یہ لوگ پولیس کے ذریعے انتقامی کارروائی کر کے لوگوں پر ظلم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں ہمارا ایک بھی مخالف یہ نہیں کہہ سکتا کہ اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’آصف زرداری کا بھٹو فیملی سے تعلق ایسا ہی ہے جیسا کیپٹن صفدر کا شریف فیملی سے ہے۔

انہوں نے آصف زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ’تمھارے علاقے سے تحریک کا آغاز کر رہا ہوں، اب تیار ہو جاؤ کیونکہ پنجاب میں تو ایک شخص روتا پھر رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا اور اب تم بھی کہو گے کہ مجھے کیوں نکالا اور پھر سے جیل میں کیوں ڈالا‘۔انہوں نے مزید کہا کہ لمبی اندھیری رات ختم ہونے والی ہے اور نئی صبح آنے والی ہے۔