بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے منفرد اعزاز حاصل کرلیا۔ وہ ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز کے پہلے اوور میں وکٹ لینے والے تیسرے بھارتی بولر بن گئے ہیں۔
جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز میں میچ کے ابتدائی اوور کی تیسری گیند پر کپتان ٹام لیتھم کو بولڈ کرکے پویلین بھیجا۔
بمراہ نے دوسری اننگز میں بھی اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا اور پہلے اوور کی دوسری گیند پر ٹام لیتھم کو وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم دونوں اننگز میں اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس کارنامے کے ساتھ جسپریت بمراہ ان بھارتی بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے جنہوں نے ایک ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز کے پہلے اوور میں وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ایس سری سنت نے 2006 میں ویسٹ انڈیز جبکہ ظہیر خان نے 2007 میں بنگلہ دیش کے خلاف یہ منفرد کارنامہ انجام دیا تھا۔
دوسری جانب ٹام لیتھم نیوزی لینڈ کے ان کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے جو کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس سے قبل ہیری کیو اور اسٹیفن فلیمنگ بھی یہ ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔









