201

پی ٹی آئی کی صوابی میں رکنیت سازی مہم شروع

پشاور۔سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں عمران خان کے وژن کے مطابق ایک اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھتے ہوئے میرٹ کا نظام وضع کیا ۔صوبہ میں غریب اور امیر کے فرق کا خاتمہ کرکے یکساں تعلیمی اور صحت کے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا۔پی ٹی آئی نے غریب کی خوشحالی کی راہ میں حائل محصوص مائنڈ سیٹ کو تبدیل کیا۔

پی ٹی آئی عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پرقائم ہے ۔انشاء اللہ عوام کی طاقت سے آئندہ صوبوں سمیت ملک بھرمیں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہونگی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارصوابی کے موضع ٹھنڈ کوئی میں پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم کا آغاز کرنے کے بعدایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سپیکر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوں نے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔انہوں نے کہا کہ ا ب کرپشن ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کو حقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ ایک جانب انہوں نے ضلع صوابی میں میگاترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جبکہ دوسری جانب ان کے ہاتھوں صوبہ میں اسلامی قانون سازی کا عمل کا میابی سے مکمل ہوا جس میں معاشرے سے غیر اسلامی سودی کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرکے سود خودروں کیلئے سزائیں مقررکرنا،سکولوں میں ناظرہ قرآن اور باترجمہ قرآن پڑھانے کا نظام رائج کرنا ،عقیدہ ختم نبوت صوبہ بھر کے نصاب میں شامل کرنا ،حضرت عمرؓ کی شہادت کا دن منانے کیلئے عام تعطیل کااعلان کرنا وغیر ہ شامل ہے ۔

سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مغربی روٹ کے منصوبوں کے بارے میں انہوں نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ داخل کی تھی ہائی کورٹ سے عوام کے حق میں کیس جیتنے کے بعد مرکزی حکومت نے مجبور ہو کرخیبر پختونخوا کے لئے میگا منصوبوں کی منظور دی ۔انہوں نے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کے عوام کی جیت ہے اور عوام کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری بھی ہے ۔ان منصوبوں کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک اکنامک زون کا قیام عمل لایا جائے گا جس میں تقریباً20لاکھ بے روزگار وں کی کھپت ہوگی انہوں نے کہا کہ عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہوگئے ہیں اور آئندہ ان مداریوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔