6

بھارت میں لڑکی نے 2 ماہ سو کر لاکھوں روپے کا انعام جیت لیا

بھارت میں دو ماہ تک نیند کا معمول برقرار رکھنے کے منفرد مقابلے میں جینیا چیٹرجی نے کامیابی حاصل کرلی۔ فاتح لڑکی کو 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے نقد انعام دیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں 28 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں، جبکہ سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی انعام میں شامل ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گھریلو استعمال کی اشیا بنانے والی ایک کمپنی کی جانب سے دو ماہ پر مشتمل اس منفرد مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر سے 2 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کے لیے درخواستیں جمع کرائیں۔

مختلف مراحل اور انٹرویوز کے بعد صرف 10 امیدواروں کو حتمی مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا، جنہیں باقاعدگی سے سونے کا معمول برقرار رکھنے اور ہر ہفتے دلچسپ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

مقابلے کے دوران شرکاء کی روزانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا اور اسی بنیاد پر انہیں نمبر دیے جاتے تھے، جبکہ ہر ہفتے بہترین کارکردگی دکھانے والے امیدوار کو ’بہترین سلیپر آف دی ویک‘ کا اعزاز بھی دیا جاتا تھا۔

مقابلے میں دلچسپ اور غیر معمولی چیلنجز

مقابلے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے شرکاء کو کئی غیر معمولی ٹاسک دیے گئے۔ انہیں فلموں کے مشہور مناظر نیند کے انداز میں دوبارہ پیش کرنے، ایک ہفتے تک اپنی نیند کی عادات کا جائزہ لینے اور عام گفتگو کے دوران کسی کو بتائے بغیر 10 مرتبہ ’کمبل‘ یا ’تکیے‘ کے الفاظ استعمال کرنے جیسے چیلنجز مکمل کرنا تھے۔

فائنل مرحلے میں امیدواروں کو دو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ آخری مرحلے میں ہر شریک کو اپنی پسند کے مطابق تیار کردہ ماحول میں ایک رات گزارنا تھی۔ اس مرحلے میں نیند کے اسکور کی بنیاد پر حتمی فاتح کا انتخاب کیا گیا۔

جینیا چیٹرجی نے 28 لاکھ روپے سے زائد جیت لیے

یوں جینیا چیٹرجی نے تمام امیدواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بھارت کی نیند کی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

انہیں 9 لاکھ 63 ہزار 400 بھارتی روپے نقد انعام دیا گیا، جو پاکستانی کرنسی میں 28 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنی کی جانب سے سیاحتی دورے کا ٹکٹ بھی انعام میں شامل تھا۔

2019 سے جاری ہے منفرد مقابلہ

رپورٹ کے مطابق اس مقابلے کا آغاز پہلی مرتبہ 2019 میں کیا گیا تھا۔ ابتدائی چار سیزنز کے دوران مقابلے کو 10 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ اب تک 65 شرکاء کو فی کس ایک لاکھ روپے کے انعامات بھی دیے جاچکے ہیں۔

بھارت میں منعقد ہونے والا یہ منفرد مقابلہ نیند کو موضوع بنا کر شرکاء کے لیے دلچسپ سرگرمیوں اور انعامات کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کررہا ہے۔