6

ملک بھر میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے 10 سے 14 نومبر کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا ہے۔ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 10 نومبر سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جو 12 نومبر کو شدت اختیار کرسکتا ہے۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، مردان، سوات، چترال، کوہستان اور ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک بارش ہونے کا امکان ہے۔

اسلام آباد، پنجاب اور پوٹھوہار میں بھی بارشیں متوقع

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں 12 اور 13 نومبر کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، جبکہ 12 نومبر کو ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم چند علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی آئندہ چند روز موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

بارش کے بعد دھند اور سردی میں اضافے کا امکان

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے بعد بعض علاقوں میں دھند چھا سکتی ہے، جبکہ درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔

شہریوں اور مسافروں کو موسم کی تازہ صورت حال سے آگاہ رہنے اور پہاڑی علاقوں کا سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔