صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی جانب سے جی 24 کی صدارت سنبھالنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ جی 24 کی صدارت پاکستان کے لیے عالمی اقتصادی امور میں ترقی پذیر ممالک کی مؤثر نمائندگی کا اہم موقع ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان جی 24 کے پلیٹ فارم کو ترقی پذیر معیشتوں کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کرسکے گا۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ جی 24 کی صدارت پاکستان کو ترقیاتی فنانسنگ، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی مالیاتی تعاون کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔









