نیوزی لینڈ نے پانچویں ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ میزبان ٹیم نے 192 رنز کا ہدف صرف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے اور میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے ایشان کشن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ کپتان شریاس آئر نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور 23 گیندوں پر 50 رنز بنائے، جبکہ نمن دھیر 33 اور نتیش کمار ریڈی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ایڈم ملنے نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ نیتھن اسمتھ اور بلیئر ٹکنر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
192 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ٹم سیفرٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 93 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ گلین فلپس نے بھی ناقابل شکست 65 رنز بنائے، انہوں نے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ ڈیرل مچل نے 16 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور نتیش کمار ریڈی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، تاہم بھارتی بولرز نیوزی لینڈ کو ہدف کے حصول سے روکنے میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز بھارت نے 3-2 سے اپنے نام کی۔ بھارت نے ابتدائی تین میچز جیتے، جبکہ نیوزی لینڈ نے چوتھے اور پانچویں میچ میں کامیابی حاصل کی۔









