487

سلمان خان کوکالے ہرن شکار کیس میں 5 سال قید کی سزا

جودھ پور: اداکار سلمان خان کو کالے ہرن شکار کیس میں جودھ پور کی مقامی عدالت نے مجرم قراردیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنادی

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کے خلاف کالے ہرن شکار کے کیس کا فیصلہ جودھ پور کی عدالت میں سنادیا گیا۔ فیصلے میں سلمان خان کوعدالت نے مجرم قراردیتے ہوئے 5 سال کی سزا سنادی، جب کہ مقدمے میں شامل دیگر ملزمان اداکار سیف علی خان، سونالی باندرے، نیلم اور تبو کو بری کردیا گیا ہے۔

اداکار سلمان خان پر الزام ہے کہ انہوں نے 19 سال قبل 1998 میں راجستھان کے شہر جودھ پور میں فلم’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘کی شوٹنگ کے دوران اجازت نہ ہونے کے باوجود نایاب کالےہرنوں کا شکار کیا تھا۔ سلمان خان کے ساتھ اس مقدمے میں اداکارہ سونالی باندرے ، تبو ، نیلم اور اداکار سیف علی خان بھی نامزد تھے۔ کیس کی گزشتہ سماعت28 مارچ کو ہوئی تھی جس میں جودھ پور عدالت کے جج مجسٹریٹ دیو کمار کھتری  نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئےکہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 5 اپریل کو سنایا جائے گا اس موقع پر انہوں نے سلمان خان سمیت مقدمے میں شامل دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

عدالت کے حکم کے مطابق  سلمان خان سمیت مقدمے میں نامزد دیگر اداکار جودھ پور پہنچ گئے تھے۔ اس موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات تھے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کو تحفظ جنگلی حیات ایکٹ سیکشن 51 کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ 6 سال اور کم سے کم ایک سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔