2

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا دورہ چارسدہ: دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چارسدہ کا مختصر دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے ڈی ایس پی عمران الدین اور پولیس حوالدار کاظم جان کے لواحقین سے ملاقات کر کے تعزیت کا اظہار کیا اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کی بیخ کنی کا اٹل فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اب دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا کو تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے انکشاف کیا کہ دہشت گرد افغانستان میں امریکہ کا چھوڑا ہوا جدید اسلحہ پاکستان کے خلاف استعمال کر رہے ہیں اور افغان سرزمین سے فتنۃ الخوارج ملک میں دہشت گردی کی کارروائیاں چلا رہے ہیں، جبکہ پاکستان کے اندر بھی ان کے ہینڈلرز موجود ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے پولیس کو جدید اسلحہ اور تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے تاکہ زمینی حقائق پر دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستان کے آئین اور قانون کو نہیں مانتے، ان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ صوبے کے قدرتی وسائل اور معدنیات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کو معدنیات نکالنے کی دعوت دی گئی ہے جس میں پہلا حصہ عوام کا، دوسرا صوبے کا اور تیسرا وفاق کا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی محفوظ ہاتھوں میں ہیں، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔